عمران خان کی ضمانت اپیلیں: سپریم کورٹ کا فریقین کو آج ہی دستاویزات جمع کرانے کا حکم

سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی واقعات سے متعلق دائر ضمانت اپیلوں پر فریقین کو آج ہی تمام دستاویزات عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت دے دی ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں درخواست گزار عمران خان کی جانب سے وکیل سلمان صفدر اور پراسیکیوشن کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی اس موقع پر کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکیل سلمان صفدر سے استفسار کیا کہ "آپ نے کچھ دستاویزات گزشتہ روز جمع کروائے تھے، ہمیں بھی ان کا جائزہ لینا ہے۔ کل ساڑھے 10 بجے تک دستاویزات دیکھ لیتے ہیں۔”
عمران خان نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے سے واضح انکار کردیا ہے : علیمہ خان
عدالت نے ریمارکس دیے کہ جو فریق بھی دستاویزات جمع کرانا چاہتا ہے، وہ آج ہی جمع کرا دے تاکہ پراسیکیوشن کو بھی ان کا جائزہ لینے کا موقع مل سکے۔
وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے چند عدالتی فیصلوں پر مبنی دستاویزات جمع کرائے ہیں۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت کل (بدھ) ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دی۔
