عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی 6/6 اور دوسری چشمہ لگا کر تقریباً 70 فیصد ہے، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی چشمہ لگا کر تقریباً 70 فیصد ہے جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی 6/6 ہے۔
شیخورہ بار کونسل کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وکلا کے مسائل کا ادراک ہے اور ان کے حل کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انصاف کی فراہمی میں بار اور بینچ کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔
عمران خان کاطبی معائنہ، ڈاکٹرز کی ذاتی معالجین کو بریفنگ، علاج پر اظہار اطمینان
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مشکل فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام کو بھی ضروری قرار دیا اور واضح کیا کہ ریاست پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ہے جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر بھی اس کا حصہ ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹر ویز اور جی ٹی روڈ کی بندش غیر آئینی اقدام ہے اور خیبرپختونخوا حکومت کو آئین اور قانون کی پاسداری کرنی چاہیے۔ اگر کے پی حکومت سڑکیں نہ کھولے تو وفاق کو آئین کے تحت کارروائی کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر ملک کو بہتری کی طرف لے جانا ہے۔
عمران خان کی آنکھ میں نمایاں بہتری آنے لگی
اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ پمز اور الشفاء انٹرنیشنل کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی معائنہ کیا اور جاری علاج پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اپوزیشن رہنماؤں اور عمران خان کے ذاتی معالجین کو بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا مکمل طبی معائنہ کیا تھا۔ اس سے قبل وکیل سلمان صفدر نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بینائی 15 فیصد تک رہ گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے 16 فروری تک تفصیلی طبی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
