بھارت ایس سی او میں جھوٹا مؤقف منوانے میں ناکام رہا: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) جیسے اہم بین الاقوامی فورم پر اپنا غلط اور جھوٹ پر مبنی مؤقف منوانے میں ناکام رہا۔
ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کوئی بھی فریق یک طرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت اب ہٹ دھرمی پر اتر آیا ہے، کیونکہ جنگ میں پاکستان سے شکست کے بعد وزیراعظم نریندر مودی جھوٹے بیانیے کے ذریعے سیاسی ساکھ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ ان کی سیاسی زندگی اب اختتام کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ماحول کشیدہ نہیں تھا اور تمام معاملات فورم کے قواعد و ضوابط کے مطابق طے پائے۔ خواجہ آصف کے مطابق اجلاس کے فارمیٹ میں یہ شامل نہیں تھا کہ کوئی رکن اپنی تقریر کے بعد دوسرے کی تقریر پر ردعمل دے یا نکتہ چینی کرے، جس کی وجہ سے بھارتی وزیر دفاع کو اپنی بات کے جواب میں بولنے کا موقع نہیں ملا۔
عالمی یوم پارلیمان: وزیراعظم کا جمہوریت، شفافیت اور نمائندگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اجلاس میں شریک تمام رکن ممالک نے پاکستان کے مؤقف سے اتفاق کیا، اور بھارت اپنے پروپیگنڈا پر مبنی مؤقف کو بین الاقوامی برادری پر مسلط کرنے میں ناکام رہا۔