شرح سود میں مزید کمی کی جائے گی اور بجلی کے نرخ بھی کم ہوں گے : وفاقی وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کے کئی اشاریے واضح بہتری کی طرف اشارہ کررہے ہیں، جلد ہی شرح سود میں مزید کمی کی جائے گی اور بجلی کے نرخ بھی کم ہوں گے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتےہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاکہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی کامیابیوں کو تسلیم کررہے ہیں اور جلد ایک تیسری عالمی ریٹنگ بھی ان کامیابیوں کا اعتراف کرے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال میں معیشت میں استحکام آیا ہے،پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کی گئی ہے اور اس میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے،جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھاکہ ایس ایم ای سیکٹر کو جاری قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا،جو بلاشبہ بڑا اضافہ ہے، تاہم ادائیگیوں کے بعد یہ صورت حال بہتر ہو جائےگی۔نجکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے جب کہ حکومتی اخراجات میں کمی کےلیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پہلی مرتبہ زرعی آمدنی کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا گیا ہے، اور ٹیکس نظام کو درست کیے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔ٹیکس نیٹ میں توسیع ناگزیر ہے، جب کہ جتنی مالی گنجائش تھی اس کے مطابق تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دےدیا گیاہے اور اب ان پر مزید ٹیکس نہیں لگایا جاسکتا۔

انہوں نے بتایا کہ اقتصادی ترقی کے اشاریے مثبت رجحان ظاہر کررہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں کا مقصد معاشی ترقی ہے، اور رواں سال کے آخر میں پانڈا بانڈ جاری کیا جائے گا۔چین سے بھی معاہدے جاری ہیں، جب کہ حالیہ گیلپ سروے میں کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ سامنے آیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہےکہ نجی شعبے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں کیوں کہ ملک کی معیشت کو لیڈ کرنا نجی شعبے کا ہی کام ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں تمام چیمبرز سے رابطہ رکھا جارہا ہے، اور ایس آئی ایف سی کھلے دل سے سب کو اعتماد میں لینے کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق بجلی کے نرخوں میں کمی ہوچکی ہے اور مزید کمی کی بھی توقع ہے۔

Back to top button