ایرانی سپریم لیڈرمجتبیٰ خامنہ ای سے سکیورٹی چیف محسن رضائی کی ملاقات

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے سکیورٹی عہدیدار محسن رضائی سے ملاقات میں آبنائے ہرمز کے انتظام اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کے دفتر کے مطابق اس ملاقات میں پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور آبنائے ہرمز کے انتظام کے ذریعے قومی و علاقائی سلامتی کے تحفظ پر گفتگو ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی قوم اور مزاحمتی محاذ کے حقوق و مفادات کے تحفظ پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ جنگ اور نہ جنگ نہ امن کی کیفیت ختم کرنے کے لیے ملکی قیادت کی طے کردہ شرائط پر عمل کرنا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ محسن رضائی نے گزشتہ روز سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔ ان ممالک نے حال ہی میں باہمی دفاعی تعاون کے لیے مکہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
یہ محسن رضائی اور مجتبیٰ خامنہ ای کے درمیان پہلی ملاقات ہے جس کی باضابطہ طور پر تشہیر کی گئی ہے۔ اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزیشکیان اور پارلیمان اسپیکر باقر قالیباف بھی خفیہ ملاقاتیں کرچکے ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ نے اپنے والد کی شہادت کے بعد منصب سنبھالا تھا لیکن وہ تاحال منظرعام پر نہیں آئے ہیں اور نہ ان کی تصویر یا ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ ان کے بیانات بھی سرکاری میڈیا پر پڑھ کر سنائے جاتے ہیں۔
