پنجاب میں سفارش کازمانہ چلاگیا،کوئی بااثرظالم نہیں بچےگا،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سفارش کا زمانہ چلا گیا،کوئی مجرم چاہے اپنی ہی جماعت سے کیوں نہ ہو اسے نہیں چھوڑا جائےگا اور ظالم کتنا ہی بااثرکیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکےگا۔
یونیورسٹی آف رسول منڈی بہاؤ الدین میں ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ڈر ڈر کر حکومت نہیں ہوتی، اصول ایک اور سیدھا رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ بائیک سوار خاتون پر تشدد کے واقعے میں بچی سے کہا کہ جتنے تھپڑ اس شخص نے تمہیں مارے، اتنے ہی تم مارو، پیٹرول پمپ پر تشدد کے واقعے پر بھی یہی مؤقف اپنایا تھا۔پنجاب اب مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے،کسی غریب کی عزت پر سمجھوتا قبول نہیں، جرائم کرنے والے اگلے ہی دن ضمانت لے آتے ہیں، ضرورت پڑی تو چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے بھی ملوں گی۔
اس موقع پر مریم نواز نے طالبات کو الیکٹرک بائیک اور سکوٹیز دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرا بس نہیں چلتا چاند ستارے لاکر آپ کو دے دوں۔
