راناثنااللہ نےپی ٹی آئی کےساتھ پس پردہ رابطوں کی تصدیق کردی

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ پس پردہ رابطے جاری ہیں اور مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی نکلے گا اور جیسے ہی بات چیت میں کوئی ٹھوس پیش رفت ہوئی، باضابطہ مذاکرات شروع کیے جا سکتے ہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں کے ساتھ رابطے ہیں، ان کے نام ظاہر نہیں کر سکتے کیونکہ ایسا کرنے سے ان شخصیات کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہونے کا امکان موجود ہے اور مسائل کا حل بات چیت ہی سے نکلے گا۔ جیسے ہی پس پردہ رابطوں میں کوئی بات ٹھوس شکل اختیار کرے گی تو باضابطہ طور پر مذاکرات کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی پارٹی میٹنگ میں مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کرنے سے متعلق بھی باتیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ بہتر ہوگا کہ اپوزیشن لیڈر وزیراعظم سے ملاقات کریں تاکہ بات چیت کا سلسلہ آگے بڑھایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خود اپوزیشن لیڈر کی نشست پر جا کر ان سے ملاقات کر چکے ہیں، اس لیے اپوزیشن لیڈر کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات نہ کرنے کی بات میں کوئی منطق نہیں۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے اب تک پس پردہ ہونے والی ملاقاتوں میں بھی اپنی پالیسی تبدیل کرنے کی بات نہیں کی۔

انہوں نے زور دیا کہ سب سے پہلے اپوزیشن لیڈر کی وزیراعظم سے ملاقات ہونی چاہیے اور تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی کمیٹیوں میں بھی واپس آنا چاہیے تاکہ سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو سکے۔

Back to top button