ایران میں داعش سے تعلق رکھنے والے 9 افراد کو پھانسی

ایران  نے عام شہریوں پر دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے داعش کے 9 جنگجوؤں کو پھانسی دیدی۔

مجرموں کو عدالتی کارروائی، مکمل تحقیقات اور سپریم کورٹ کی منظوری کے بعد تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ان مجرموں کو پاسداران انقلاب کے نجف بیس کے محافظوں نے 27 جنوری 2018 کو ایران کے مغربی علاقے میں مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا۔اس کارروائی کے دوران کئی جنگجوؤں نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا تھا جب کہ 3 اہلکار بھی ہلاک ہوگئے تھے اور 9 کو بھاری اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا گیا تھا۔

پاسداران انقلاب کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کرکے داعش کے سیل کو پکڑا اور شہریوں کو خوفناک قتل عام سے بچالیا۔بعد ازاں یہ مقدمہ تہران کی عوامی اور انقلابی عدالت کو بھیجا گیا جہاں ملزمان پر "مسلح بغاوت کے ذریعے ریاست سے جنگ” اور "غیر قانونی اسلحہ رکھنے” کے الزامات عائد کیے گئے۔

Back to top button