ایران نے اسرائیل پر”قدر۔ایچ میزائل داغ دیئے،پاور پلانٹ تباہ،علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے

ایران نے پہلی بار اسرائیل پر”قدر۔ایچ میزائل داغ دیئے جس سے اسرائیل کا پاور پلانٹ تباہ، کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
ایران نے پہلی بار اسرائیل پر جدید ترین ملٹی وارہیڈ بیلسٹک میزائل قدر-ایچ داغے ہیں، جن کے نتیجے میں اسرائیل کا ایک اہم پاور پلانٹ تباہ ہو گیا اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
ایرانی میزائل حملے کے بعد اسرائیل کے کئی شہروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور شہریوں نے سائرن بجنے پر طویل وقت زیرزمین پناہ گاہوں میں گزارا۔ اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے تصدیق کی ہے کہ ایک میزائل اسٹریٹجک انفرا اسٹرکچر کے قریب گرا جس سے بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی۔
ایرانی پاسداران انقلاب نےکہا ہے کہ یہ کارروائی آپریشن وعدۂ صادق 3 کے تحت کی گئی، جو اسرائیل کے خلاف اب تک کا 21واں حملہ ہے۔ اس کارروائی میں سالڈ اور لیکویڈ فیول سے لیس بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ ڈرونز بھی استعمال کیے گئے۔
ایران کی جانب کہا گیا کہ اسرائیل کیخلاف پہلی بار جدید قدر-ایچ میزائل کا استعمال کیا گیا، جو ایک سے زائد وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور اس کی مدد سے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔
رائٹرز کے مطابق، اشدود، حیفا، نہاریا، میعیلیا اور مغربی بیت المقدس سمیت کم از کم چار مقامات پر میزائل گرنے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس کے آسمان پر میزائلوں کی پرواز اور بعد ازاں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس سے شہریوں میں شدید خوف کی لہر دوڑ گئی۔