شام،امریکی فوجی اڈے پرمارٹرحملہ،سکیورٹی سخت کردی گئی

شام کے مغربی صوبے الحسکہ میں قائم امریکی فوجی اڈے پر مارٹر حملے کے بعد سیکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، حملہ اس وقت کیا گیا جب ایران نواز گروہوں کی جانب سے امریکی مفادات پر ممکنہ حملوں کی اطلاعات پہلے ہی گردش کر رہی تھیں۔ حملے کے بعد فوجی اڈے کے داخلی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور میڈیا سمیت کسی بھی فرد کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس کی وجہ سے حملے کی نوعیت اور نقصانات سے متعلق درست معلومات حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
تاحال امریکی عسکری حکام کی جانب سے کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ کسی گروپ نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ خاص طور پر ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ الحسکہ میں امریکی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہو؛ اس سے قبل بھی ایران نواز گروہوں کی جانب سے ایسے حملے کیے جا چکے ہیں۔