عمران خان کیخلاف 9مئی کےمقدمات کاجیل ٹرائل بحال

بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 9 مئی کے مقدمات کا جیل ٹرائل بحال کردیا گیا، مقدمے کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہوگی۔

جیل سپرنٹنڈنٹ نے سی پی او راولپنڈی کو اضافی سیکیورٹی نفری کی فراہمی کے لیے خط ارسال کیا ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی سے متعلق کیس کا جیل ٹرائل کل مقرر ہے، جس میں 109 ملزمان اور 150 وکلا جیل کے باہر سے پیش ہوں گے، اس لیے جیل کے اطراف فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے تصدیق کی ہے کہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا جیل ٹرائل بحال ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت نے ویڈیو لنک ٹرائل کے نوٹیفکیشن سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔

پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ کل سماعت کے دوران استغاثہ کے تین گواہ عدالت میں پیش کیے جائیں گے، جبکہ بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان کو بھی اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

Back to top button