پاکستان نے آسٹریلیاکوشکست دےکرون ڈےسیریزنام کرلی

پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 4وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی کے باعث 42 اوورز میں محض 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے جواب میں قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 41 اعشاریہ 5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جب اوپنر میتھیو شارٹ میچ کی دوسری ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن کر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ کپتان جوش انگلس نے 57 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکا۔
مارنس لبوشین 19 اور الیکس کیری بھی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ابرار احمد اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کر کے کینگرز کی بیٹنگ لائن کو بے بس کردیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات بھی زیادہ سازگار نہ تھیں اور اوپنر صاحبزادہ فرحان صرف 6 رنز بنا کر نیتھن ایلس کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جس کے بعد معاذ صداقت بھی 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سابق کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ غازی غوری 8 اور سلمان آغا 15 رنز بنا کر میتھیو کونیمین کا شکار بنے، جنہوں نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
مڈل آرڈر میں عرفات منہاس 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی 6 وکٹیں 112 رنز پر گر چکی تھیں اور میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا تھا۔
اس نازک صورتحال میں عبدالصمد اور شاداب خان نے گراؤنڈ پر پراعتماد انداز اپنایا اور بالترتیب 18 اور 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو 49 گیندیں قبل ہی فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔
