جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا
جسٹس یحییٰ آفریدی نے پاکستان کے30 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سےحلف اٹھالیا۔
چیف جسٹس پاکستان کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان سےحلف لیا۔
تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کےسربراہان،اسپیکر قومی اسمبلی،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم، گورنر پنجاب سلیم حیدر اور وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔
اس کےعلاوہ سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔
یاد رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کےبعد پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس کےلیے نامزد کیا تھا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ وہ پاکستان کےعوام کےلیے قانون کی حکمرانی یقینی بنائیں گے،یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ ریاست کے تین ستونوں کی خودمختاری کا اصول کامیاب ہو۔