KPKاسمبلی سے بھی الیکشن کمشنرواراکین کے استعفوں کی قرارداد منظور

خیبر پختونخوا اسمبلی نے بھی چیف الیکشن کمشنراوراراکین کے استعفوں کیلئے قرارداد منظورکر لی۔
پنجاب کے بعد آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھی چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجا اورالیکشن کمیشن کے دیگراراکین پرعدم اعتماد کی قرارداد پیش کی گئی، جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔
ایوان میں قرارداد صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے پیش کی، جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر اور اراکین فوری طور پر مستعفی ہوں، اور ملک میں فوری شفاف انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر اور دیگرممبران الیکشن کمیشن کے مستعفیٰ ہونے کی قرارداد پیش کی گئی، جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظورکرلیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ عالمی سازش کے تحت قانونی حکومت کو گرایا گیا، جس کے بعد ملک میں مہنگائی اورمعاشی بحران کی سنگین صورتحال پیدا ہوگئی ہے،اس تمام صورتحال میں ایک ہی حل ہے کہ ملک میں صاف شفاف الیکشن کرائے جائیں، اورتمام سیاسی جماعتیں شفاف انتخابات کے لئے متفقہ طور پر اقدامات کریں۔
قرارداد میں ایوان سےمطالبہ کیاگیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر ممبران الیکشن کمیشن فوری طور پر مستعفی ہوجائیں، تاکہ متفقہ طور پر نئے الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔
