ججوں کو بھجوائے گئے خطوط کی رائیٹنگ ایک ہی شخص کی نکلی

سپریم کورٹ، اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹس کے ججز کو بھجوائے گئے مشکوک خطوط کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ججز کو خطوط کی لکھائی ایک ہی شخص کی ہے۔
سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ججز کو بھجوائے گئے خطوط کی ہینڈ رائٹنگ کی فرانزک رپورٹ سی ٹی ڈی کو موصول ہوگئی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تینوں عدالتوں کے ججز کو بھجوائے گئے خطوط کی لکھائی ایک ہی شخص کی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ریشم، ریشماں اور گلشاد خاتون کے نام سے خطوط ایک ہی شخص نے لکھے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ججز کو بھجوائے گئے خطوط کے شواہد میں بھی مزید پیش رفت ہوئی ہے جس کے مطابق ججز کو دھمکی آمیز خطوط بھجوانے کا ایک ہی ماسٹر مائنڈ ہے، خطوط میں ڈالا گیا آرسینک بھی ایک ہی شخص نے خریدا۔
ذرائع سی ٹی ڈی نے مزید کہا ہے کہ خطوط میں موجود آرسینک کہاں سے خریدا گیا؟ اس کے بھی بہت قریب پہنچ چکے ہیں، پوسٹ باکسز کے قریب سے حاصل سی سی ٹی وی ویڈیوز کا نادرا کے ذریعے شناخت کا عمل جاری ہے۔
