محسن نقوی کااسلام آبادمیں150غیرقانونی سوسائٹیزکاانکشاف

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں 150 سوسائٹیاں غیرقانونی ہیں، جن کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

محسن نقوی نے مپور علاقے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں 150 سوسائٹیاں غیرقانونی ہیں، ان تمام غیرقانونی سوسائٹیوں کے خلاف کام کررہے ہیں، جہاں بھی سرکار کی زمین پر قبضہ ہو گا وہ واگزار کروائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں نیشنل ہیریٹیج میوزم بنارہے ہیں، غیرقانونی قبضہ کرنے والوں کے علاوہ قبضے پر آنکھیں بند کرنے والے سی ڈی اے ملازمین کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بہارہ کہو میں قبضے کی زمین واگزار کرانے کی بھی ہدایات کی اور کہا کہ سرکار کی 108 کنال زمین یہاں سے واگزار کرائیں گے، واگزار زمین پر 3 میوزیم بنائیں گے جن میں آرمی میوزیم بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے پرانے سیکٹرز جی سکس، جی سیون، جی نائن اور جی ٹین کی تعمیر نو کریں گے اور تجاوزات کا خاتمہ بلا تفریق کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بجلی کی ترسیل کا نظام مکمل طور پر انڈر گراؤنڈ کرنے جا رہے ہیں، لیسکو کے ساتھ مل کر بجلی کے کھمبے ختم کریں گے۔

 

قبل ازیں اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس پر میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ آج کشمیر چوک انڈر پاس کی تعمیر کا 12واں دن ہے، پیش رفت آپ کے سامنے ہے، اگلے 10 دن میں کشمیر چوک انڈر پاس پر کافی کام مکمل کر لیں گے، یہ ایسی جنکشن ہے جس پر ٹریفک کا زور رہتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے کوئی روڈ بند نہیں کی، یہاں سے مری جانے اور اسلام آباد آنے والی ٹریفک کو آسانی ہوگی، جس دن کشمیر چوک انڈر پاس مکمل ہو گا کھول دیں گے اور وزیر اعظم کشمیر چوک انڈر پاس کا افتتاح کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ایک درخت جو کشمیر چوک انڈر پاس میں آیا اس کو شفٹ کرایا ہے ضائع نہیں ہوا، پچھلے دو سال میں دیکھیں اسلام آباد میں کتنے درخت شامل ہوئے ہیں، اسپارکو کا ریکارڈ دیکھ لیں اسلام آباد میں کتنے درخت لگے ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک کی تعمیر نو کر رہے ہیں، اسلام آباد کے شاہ اللہ دتا کے پاس واگزار کرائی گئی زمین پر بھی پارک تعمیر کر رہے ہیں۔

Back to top button