امریکا سے تعلقات قومی مفاد کی بنیاد پر ہیں، رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کسی شخصیت کے بجائے ملکی اور قومی مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں۔
راناثنااللہ کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ امریکا عالمی طاقت ہے اور سفارت کاری کا بنیادی تقاضا ہے کہ پاکستان کے اس کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رہیں۔ یہ تاثر درست نہیں کہ پاکستان کی پالیسی صرف ٹرمپ کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے پر مبنی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مخالفین پاکستان کو یہ کہہ کر ٹرمپ سے ڈراتے رہے کہ وہ اقتدار میں آئیں گے تو حالات کا پتا چل جائے گا، لیکن پاکستان نے نہ تو ٹرمپ سے دوستی کی اور نہ ہی کسی دباؤ میں آکر اپنی خارجہ پالیسی مرتب کی۔
ان کے بقول پاکستان نے معرکہ حق میں کردار ادا کرنے پر ٹرمپ کو عزت دی اور ان کی یہ خواہش بھی پوری کی کہ انہیں نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ رکوانے میں کردار ادا کیا، جسے پاکستان نے تسلیم کیا اور اس کا اعتراف کیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات کسی ایک شخصیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ ریاستی اور قومی سطح پر ہیں۔ سفارت کاری کا تقاضا یہی ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات اچھے رکھے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے امریکا کے ساتھ تعلقات کی اہمیت اور حساسیت کو درست انداز میں سمجھا ہے۔
