فلمی کردار خواتین کیلئے نہیں بلکہ مردوں کیلئے لکھے جاتے ہیں

بالی ووڈ کی سینئر اور معروف اداکارہ ہیما مالینی نے کہا ہے کہ فلموں کے کردار خواتین اداکاراؤں کے لیے نہیں بلکہ خصوصی طور پر مرد اداکاروں کے لیے لکھے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا امیتابھ بچن کو کئی اہم کردار ملے اور آج بھی اہم کردار انہیں ہی ملتے ہیں بلکہ خصوصی طور پر ان کےلیے ہی لکھے جاتے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ماضی کی شہرت یافتہ اور خوبرو ہیروئن کا کہنا تھا کہ اگر مجھے ذہن میں رکھ کر کوئی کردار نگاری کی گئی تو یہ بڑی عمدہ بات ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اچھا پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہیما نے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر خواتین اداکاروں کو بہترین مواقع میسر آرہے ہیں۔
ایک سوال پر ہیما مالینی کا کہنا تھا کہ ان کی جب بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن سے سیٹ پر اکھٹے کام کے دوران پہلی ملاقات ہوئی تو انہیں بہت خاموش اور کم گو پایا۔
گزشتہ 50 برسوں سے سلور اسکرین پر راج کرنے والی 74 سالہ ہیما مالینی نے کہا کہ آج خواتین کو کہاں مواقع مل رہے ہیں؟ آج بھی مصنفین کو خواتین کے لیے کردار ہی نہیں ملتے، سب کچھ مردوں کے لیے مختص ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں منتظر ہوں کہ ڈراموں میں بھی مختلف کردار ادا کروں۔ تھوڑا دلچسپ ہو تو میں فوری تیار ہوجاؤں گی لیکن کسی نے ابھی تک ایسی پیشکش ہی نہیں کی، میں تو ہمیشہ سے چاہتی ہوں کہ دلچسپ اداکاری کروں۔