پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین سفارتی مذاکرات بحال

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 15 سال کے تعطل کے بعد سفارتی تعلقات بحال ہو گئے۔

خارجہ سیکریٹری سطح کے مشاورتی مذاکرات کا چھٹا دور منعقد ہوا، ڈھاکا میں سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے بنگلہ دیشی ہم منصب جاشم الدین سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ڈھاکا کےسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پدما میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی دفتر خارجہ کا مشاورتی اجلاس ہوا، مشاورتی اجلاس میں دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریز نے وفود کے ہمراہ شرکت کی۔مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور بنگلہ دیشی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ محمد جاشم الدین نے کی۔

دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکریٹری سطح کے مشاورتی مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، اس دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، علاقائی صورتحال اور دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی جب کہ دونوں فریقین نے تعاون کے نئے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ برآمدات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، اگر ان مصنوعات کی قیمتیں متوازن ہوں جن میں کپاس، چینی، چاول اورگندم شامل ہے۔

Back to top button