مسلم ممالک سربراہان سے ملاقات کامیاب رہی، اسرائیلی قیادت سے بھی بات ہوگی ، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں اسلامی ممالک کے سربراہان کے ساتھ اہم ملاقات کی، جو تقریباً 50 منٹ جاری رہی۔ ملاقات میں غزہ کی صورتِ حال سمیت مشرقِ وسطیٰ کے موجودہ تناظر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، ترک صدر رجب طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات، مصر، اردن، قطر اور انڈونیشیا کے سربراہان شریک تھے۔
ملاقات کے بعد امریکی صدر اور مسلم رہنما بغیر میڈیا سے بات کیے ہال سے روانہ ہو گئے، تاہم کچھ دیر بعد صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملاقات کو "انتہائی مثبت اور کامیاب” قرار دیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا "غزہ کے حوالے سے مسلم دنیا کے عظیم رہنماؤں کے ساتھ گفتگو بہت مفید رہی، ہم مستقبل میں اس مسئلے کے حل کے لیے کچھ اہم اقدامات کر سکتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے علاوہ خطے کے تمام بڑے اسٹیک ہولڈرز سے یہ ملاقات کامیاب رہی، اور جلد اسرائیلی قیادت سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے۔
دوسری جانب، ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی اس ملاقات کو "بہت مفید” قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کی سفارتی کوششیں خطے میں امن کی راہ ہموار کر سکتی ہیں۔
