محمدرضوان نےاین سی سی آئی اے کوتیسرا خط لکھ دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ایک بار پھر اپنے خلاف الزامات کے حوالے سے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو تیسرا خط لکھ دیا۔
محمد رضوان نے خط میں 2 اکتوبر کو این سی سی آئی اے کے سامنے پیش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نوٹس مل گیا ہے، میں 2 اکتوبر کو انکوائری میں شامل ہونے کی تصدیق کرتا ہوں۔
رضوان نے این سی سی آئی اے سے مزید سوالات پر تفصیلات طلب کرلیں۔
وکٹ کیپر نے کہاکہ پہلے نوٹس میں آن لائن بیٹنگ اور جوا کھیلنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے، عدالت میں ایجنسی کی جانب سے پیکا 2016 میں الیکٹرانک فراڈ کی دفعہ کا ذکر کیا گیا تھا، نئے نوٹس میں آن لائن بیٹنگ اور جوا کھیلنے کے الزامات کا ذکر نہیں، مبہم صورتحال واضح کی جائے۔
رضوان نے خط میں کہا کہ معاملات سمجھنے کے لیے مجھے چند سوالات پر وضاحت درکار ہے، کیا انکوائری کا تعلق اب بھی آن لائن بیٹنگ یا جوئے کے معاملے سے ہے؟ پیکا 2016 کی کون سی مخصوص شقیں انکوائری سے متعلق ہیں؟ اگر پہلے نوٹس کے بعد انکوائری کا دائرہ کار تبدیل ہوا ہے توموجودہ دائرہ کارسے تحریری آگاہ کیا جائے۔
