وزیرداخلہ کا نوازشریف کی گرفتاری کاعندیہ،راناثنااللہ کی کڑی تنقید

نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کاکہنا ہے کہ عدالت سے نوازشریف کو ضمانت نہ ملی تو ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیں گے جس پر مسلم لیگ (ن )کے رہنما رانا ثنااللہ نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا بیان ’حد سے تجاوز‘ قرار دے دیا۔
نگران وفاقی وزیرداخلہ سرفرازبگٹی کا کہنا تھاکہ کہ ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنے کیلئے کوئی بڑی فورس نہیں چاہیے ہوتی،ماضی میں ریاست نے ہمیشہ ماں کا کردار ادا کیا پہلی مرتبہ باپ کا کردار ادا کر رہی ہے، ریاست کو ہمیشہ باپ کا کردار ادا کرنا چاہیے،سافٹ رویہ نہیں رکھنا چاہیے۔نجی ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے سرفرازبگٹی نے کہاکہ ایئرپورٹ حساس جگہ ہے وہاں ویسے بھی مجمع کو اجازت نہیں دیں گے،نوازشریف کو عدالت سے ضمانت نہ ملی تو گرفتار کریں گے،میرے خیال میں نواز شریف خود بھی گرفتار ہونا ہی چاہیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ سرفراز بگٹی بیان دینے سے پہلے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں، نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے، نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 21 اکتوبر کو ائیرپورٹ سے کہاں جانا ہے، یہ وزیر داخلہ نہیں عوام کا فیصلہ ہوگا، سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان دےکراپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں، نواز شریف کی فکر چھوڑیں اپنے کام پر توجہ
دیں۔
