حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف درخواست پر نوٹس

لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف دائر داخوست پر حکومت کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

عدالت عالیہ میں جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا کوئی میکنزم موجود ہی نہیں ہے۔

اسلام قبول کرنے والے مشہور کورین گلوکار کی پاکستان آمد

ایڈدوکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پرسیلز ٹیکس کا معاملہ 2 رکنی بنچ کے پاس ہے، یہ سراسر مفاد عامہ کا معاملہ ہے۔ عدالت آئینی طور پر اس کا جائزہ لے۔ اوگرا کو میکنزم کےبغیر قیمتوں میں ردو بدل کا کوئی اختیار نہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ واپس لینے کا حکم جاری کرے۔

عدالت عالیہ کے جسٹس شاہد کریم نے متفرق درخواست پر وفاقی حکومت، وزارت پٹرولیم، وزارت داخلہ اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو 2 ہفتوں میں تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی جبکہ درخواست گزار کو وزیراعظم کا نام فریق کے طور پر واپس لینے کی ہدایت کی۔

لاہور ہائی کورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دیگر درخواستیں مسترد کردیں۔ عدالت نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں طے کرنا حکومت کا کام ہے،عدالت نے غیر ضروری درخواست دائر کرنے پر متعلقہ وکیل سے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیا میں یہ فیصلہ کروں کہ پٹرول کی قیمت کیا ہونی چاہیے؟۔

عدالت عالیہ کے جسٹس شاہد کریم نے سماعت کے دوران ایڈووکیٹ احمد مسعود گجر سمیت دیگر کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیں۔

Back to top button