جنوبی وزیرستان میں آپریشن ،4 خارجی دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نےخیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کرتےہوئے4خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق
آئی ایس پی آر کی جانب سےجاری بیان کےمطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرواکئی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کےتبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔علاقے میں مزید دہشت گردوں کےخاتمے کے لیےسینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
یاد رہےکہ2روز قبل سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں خفیہ اطلاع پرکامیاب آپریشن کرتےہوئے8 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک اور7 کو زخمی کردیا تھا جب کہ اسی روز بلوچستان کےضلع ژوب میں بھی آپریشن کےدوران ایک خارجی کو ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا۔
2روز قبل میجرعاطف خلیل شہید ہو ئے تھے
ترجمان پاک فوج نےبتایا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں میجرعاطف خلیل بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔شہید میجر عاطف خلیل کاتعلق آزاد کشمیرسےتھا، آپریشن میں 2 جوانوں ضلع کرک سے تعلق رکھنےوالے نائیک آزاداللہ اورضلع لیہ سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک غضنفرعباس نے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا۔
اس کےعلاوہ سیکیورٹی فورسز نے29اور30 اکتوبر کی درمیانی شب ژوب کے جنرل ایریا سمبازا میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا جس میں ایک خارجی مارا گیا اورایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح رہےکہ27 اکتوبر کو آئی ایس پی آرن بتایا تھا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور خیبر میں کامیاب کارروائیوں کےدوران 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، اس کارروائی میں 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے تھے۔
قبل ازیں 24 اکتوبر کو آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ فورسز نے 23 اور 24 اکتوبر کی درمیانی شب خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع باجوڑ میں کارروائی کرتے ہوئے9 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دو خودکش بمباروں کے ساتھ ساتھ ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ خارجی رنگ لیڈر سید محمد عرف قریشی استاد کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کے مسائل سے دوچار ہیں اور سیکیورٹی فورسز مسلسل دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔