فلسطینیوں سےالتجا ہے روزمحشرہماری شکایت نہ کرنا

ن لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں سے التجا ہے روز محشر ہماری شکایت نہ کرنا۔سینیٹ اجلاس میں سینیٹر عرفان صدیقی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم کچھ نہیں کر سکے،فلسطینی بہن بھائیو ہم کچھ نہیں کرسکے، کہنے کو مسلمان بہت ہیں لیکن راکھ کا ڈھیر ہیں، ہم دیکھ رہے کہ فلسطینی بستیاں قبرستان بن رہی ہے اور ہم کچھ نہیں کرسکے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ ہم دیکھ رہے کہ فلسطینی بچے اور بوڑھے بھوک اور پیاس سے بلک رہے ہیں، میری فلسطینی بیٹیوں اور ماؤں، ہم تم سے بھی زیادہ مجبور ہیں۔ہم تم پر ظلم ڈھانے والی طاقتوں کا نام بھی نہیں لے سکتے، ہمیں معاف کردیں آج نیل سے کاشغر تک دو ارب مسلمان نہیں راکھ کا ڈھیر ہے۔فلسطینیوں سے اتنی التجا ہے کہ روز محشر ہماری شکایت نہ کرنا، اگر شکایت کی بھی تو نبی کریم سے چھپ کر کرنا ہم کس طرح انکا سامنا کریں گے۔
