پی سی بی نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو برطرف کر دیا

آئی سی سی کو خط تاخیر سے بھیجنے پر پی سی بی نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو عہدے سے ہٹا دیا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ان کے لیے پاکستان کی عزت اور وقار سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو آئی سی سی کو خط تاخیر سے بھیجنے پر عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ اگر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید میچز نہیں کھیلے گا۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی کو باقاعدہ شکایت درج کرائی گئی ہے کیونکہ میچ ریفری نے کرکٹ کی اسپرٹ کے خلاف رویہ اپنایا۔
گزشتہ روز پی سی بی نے آئی سی سی اور ایم سی سی کو تفصیلی خط لکھ کر بھارتی ٹیم کے رویے اور قوانین کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایشیا کپ 2025ء کے چھٹے میچ میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے کپتان سلمان آغا کو ہدایت دی کہ ٹاس کے موقع پر شیک ہینڈ نہ کریں، جو قواعد اور اسپرٹ آف دی گیم کے منافی ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ میچ ریفری نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی بلکہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ اور ایم سی سی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ پی سی بی کے مطابق یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹایا جانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ نے واقعے کے وقت پاکستان ٹیم کے میڈیا منیجر سے کہا کہ یہ سب مناظر ریکارڈ نہیں ہونے چاہییں۔
