پرویز مشرف کے انتقال پر سیاسی و عسکری قیادت کا اظہار افسوس

صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔
عارف علوی نے پرویز مشرف کے لیے دعائے مغفرت کی اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم شہبازشریف نے پرویز مشرف کی وفات پر اظہارِ تعزیت کیا اور ایک بیان میں کہا کہ مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ان کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور غمزدہ خاندان کو صبرجمیل عطا کرے۔
دوسری جا نب پاکستان کی عسکری قیادت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پرویز مشرف سابق صدر، سابق جوائنٹ چیفس اور آرمی چیف رہے، اللہ مرحوم جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کو غریق رحمت کرے اور اللہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے پسماندگان کو صبر و ہمت دے۔
اس کے علاوہ نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ترجمان پاک بحریہ نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا اللہ پرویز مشرف مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
واضح رہے کہ پرویز مشرف کا انتقال اتوار آج 5 فروری کو دبئی میں ہوا جس کی تصدیق ان کے اہلخانہ نے کی۔پرویز مشرف گزشتہ کئی عرصے سے دبئی کے امریکن اسپتال میں زیر علاج تھے۔
