دورہ آسٹریا میں تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون پر توجہ مرکوز رہے گی، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورۂ آسٹریا کے آغاز پر کہا ہے کہ اس سفر کے دوران پاکستان کی توجہ تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر مرکوز رہے گی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ وہ تاریخی اور ثقافتی شہر ویانا پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ آسٹریا کے چانسلر کرسچین اسٹاکر سے ملاقات کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس دورے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور معاشی روابط کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی، اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم اور اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پرامن جوہری توانائی کے فروغ، منشیات اور جرائم کی روک تھام، اور پائیدار صنعتی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
یہ دورہ آسٹریا کے چانسلر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے کے طور پر ہو رہا ہے۔ ویانا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جبکہ آسٹریا کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر آسٹریا پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف اپنے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت دیگر حکام کو بھی لے کر آئے ہیں۔ دورے کے دوران وہ آسٹریا کے چانسلر کے ساتھ دوطرفہ اور وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، مشترکہ طور پر کاروباری شخصیات کے اجلاس کی صدارت کریں گے، اور پاکستان-آسٹریا بزنس فورم سے خطاب کریں گے۔
مزید برآں، وزیراعظم ویانا میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام “پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ” کے موضوع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں بھی شرکت اور خطاب کریں گے۔
