پیپلز پارٹی کی فی الحال وفاقی حکومت میں شمولیت زیر غور نہیں: شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) فی الوقت وفاقی حکومت میں شامل ہونے پر غور نہیں کر رہی، اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے حکومت کا حصہ بننے کی کوئی دعوت موصول نہیں ہوئی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں حکومت میں شمولیت کی باضابطہ تجویز سامنے آئی، تو پارٹی اس پر مشاورت کے بعد غور کر سکتی ہے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سیاسی حقیقت ہے، لیکن عدالتی فیصلوں کا احترام سب پر لازم ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ منفی سیاست ترک کر کے مثبت طرزِ سیاست اپنائیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یوم پارلیمان منایا جا رہا ہے

صوبائی وزیر نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی ملک اور بیرونِ ملک پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، اس جماعت کو اپنے رویے میں تبدیلی لاتے ہوئے دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح قومی ترقی میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔

سانحہ سوات پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس المناک واقعے پر پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہونی چاہیے۔ متاثرین سیر و تفریح کی غرض سے گئے تھے اور اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جو کہ نہایت افسوس ناک ہے۔

Back to top button