جیالوں نے پنجاب حکومت کے خلاف شکایات کے انبار لگادیے، صدر کا صبروتحمل کا مشورہ

صدر مملکت آصف علی زرداری سے پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ارکان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جیالوں نے پنجاب حکومت کے خلاف شکایات کے انبار لگادیے،صدر مملکت نے ارکان کو صبروتحمل کا مشورہ دے دیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے لاہور میں پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی جس میں ارکان پنجاب اسمبلی کی جانب سے پنجاب حکومت کا رویہ بہتر نہ ہونے کی شکایت کی گئی ہے۔
ارکان اسمبلی کاکہنا تھاکہ حکومت کے اتحادی ہونے کے باوجود ہمیں 8 کلب جانے کی اجازت تک نہیں،تمام محکموں میں صرف ن لیگ کے اراکین اسمبلی کو ترجیح دی جاتی ہے،ہمارے منصوبے انتہائی سست روی کا شکار ہیں،ہمارے ساتھ حکومت کا رویہ درست نہیں، ترلوں منتوں کے بعد صرف 2 فیصد کام کیے جاتے ہیں، ہم بلدیاتی انتخابات کی کیسےتیاری کریں؟
ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے حلقوں میں بےشمار ایسے افراد موجود ہیں جن کو راشن کارڈ تک نہیں ملے، ن لیگی جس کو چاہت ہیں اس کا نام شامل کروالیتے ہیں، ایسے افراد بھی موجود جنہوں نے گھر کرائے پر دےرکھے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھاکہ مجھے سب پتہ ہے لیکن ان میں اتنی عقل نہیں، برا وقت ہو تو پاؤں میں پڑ جاتے ہیں،جب پوزیشن ملے تو گلے پڑجاتے ہیں، جو فارمولا طے ہوا تھا اس پر اس طرح سے عملدآمد نہیں ہو رہا۔
پیپلز پارٹی ایک خاتون رکن اسمبلی نے کہا آپ جب لاہور آتےہیں تو ایوانوں میں زلزلہ آ جاتا ہے، اس پر آصف علی زرداری نے کہا کہ دو تین دن لاہور میں بیٹھوں تو بہت سوں کو پریشانی شروع ہوجاتی ہے، فی الحال بہت سی مجبوریاں ہیں ، ہمیں ملک کےلیے ساتھ چلنا ہے۔
ہر شعبے کی ترقی میں مسلم لیگ ن کا کردار ہے : نواز شریف
صدر نے ہدایات دیں کہ آپ جتنا ہو سکتا ہے ترقیاتی کام کروائیں، اطلاعات ہیں کہ اکتوبر میں بلدیاتی انتخاب ہو رہے ہیں،جب بھی بلدیاتی انتخاب ہوں یا عام انتخابات ہمیں تیار رہنا ہے۔میں اور بلاول دونوں ہم پنجاب میں بیٹھیں گے، تنظیم سازی پر فوکس ہوگا، ہم نے آپ کے تحفظات سے متعلقہ ذمہ داروں کو آگاہ کیا تھا، امید ہے اب معاملات پہلے سے بہتر ہوجائیں گے۔