صدر مملکت نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا

 

 

 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان سے نواز دیا۔

ایوان صدر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کےلیے پر وقار تقریب کا انعقاد کیاگیا، تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزرا اور دیگر سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاہ عبداللہ دوم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان دیا۔شاہ عبداللہ دوم کو اعزاز دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے، علاقائی اور عالمی امن کےلیے خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

شاہ عبداللہ دوم نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو اردن کے ایوارڈ ’’وسامُ النّہضہ المرصّع‘‘سے نوازا، یہ ایوارڈ سربراہانِ مملکت اور معزز شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

 

صدر مملکت آصف علی زرداری کو دیا گیا اعزاز پاکستان کے ساتھ اردن کی جانب سےگہرے احترام،تحسین اور دوستی کی علامت ہے۔

 

یاد رہے کہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہو گئے ہیں،دورہ پاکستان کے موقع پر انہوں نے اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

شاہ اردن کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا، جب کہ کئی مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیےگئے۔

گزشتہ روز جب اردن کے شاہ شاہ عبداللہ دوم پاکستان پہنچےتو صدر مملکت آصف زرداری،وزیراعظم شہباز شریف نے خود ایئرپورٹ پر ان کا فقید المثال استقبال کیا۔ جب کہ وزیر اعظم ہاؤس میں انہیں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔

 

Back to top button