وزیراعظم کی بلاول بھٹو کو تحفظات جلددورکرنےکی یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوتحفظات جلد دور کرنےکی یقین دہانی کرادی۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں سیاسی اور حکومتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
پیپلز پارٹی کے وفد کی قیادت بلاول بھٹو زرداری نے کی، جبکہ وفد میں نیئربخاری، راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن اور شیری رحمٰن شامل تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کے دوران حکومتِ پنجاب سے متعلق پارٹی کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے، جس پر شہباز شریف نے مکمل یقین دہانی کرائی کہ ان تحفظات کو جلد دور کیا جائے گا۔
ملاقات میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان چپقلش کا باعث بننے والے معاملات کو باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے وفود کے درمیان بھی ایک الگ ملاقات ہوئی تھی، جس میں اسحاق ڈار، رانا ثناء اللّٰہ، ملک احمد خان اور احد خان چیمہ نے شرکت کی۔
