وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کاعندیہ

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جمعہ کو قیمتوں کا دوبارہ تعین کریں گے۔
شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور قیام امن کیلئے متواتر کوششیں کیں جو ہنوز جاری ہیں، جنگ کی وجہ سے ہمارا معاشی ترقی کا سفر رک گیا، پٹرولیم کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، مسائل پہاڑ بن کر سامنے کھڑے ہیں لیکن مشکل وقت سے سرخرو ہوکر نکلیں گے۔
سعودی عرب کے تعاون سے ساڑھے تین ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ چکا دیا، کفایت شعاری اقدامات جاری رہیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کابینہ کے ارکان کو صورت حال پر اعتماد میں لیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ ہفتوں میں اہم واقعات ہوئے، امریکا اور ایران کے مابین پاکستان نے بات چیت کا جو طویل سلسلہ 11 اپریل کی رات شروع کرایا وہ 21 گھنٹے طویل تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ میرا تھن سیشن تھا جس کے لیے بے پناہ کاوشیں کی گئیں ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہمت نہیں ہاری اور دن رات کاوشیں کیں، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مصروف رہے، ہماری بے پناہ کاوشوں سے جنگ بندی میں توسیع ہوئی جو ہنوز جاری ہے۔
