پی ٹی آئی کا احتجاج : حکومت کا بڑا کریک ڈاؤن ، معمولات زندگی متاثر
پاکستان تحریک انصاف کےآج ہونے والےاحتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس،رینجرز اورایف سی کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہےجبکہ پنجاب اور کے پی سے جڑواں شہروں کو آنے والےراستےبند کر دیے گئے ہیں اور مختلف شہروں میں خندقیں کھودکر شہر سےباہر نکلنے کے راستے بند کر دیےگئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر حکومت نے اسلام آباد کےراستے بند کردیےہیں اور دارالحکومت کو جانے والے زيادہ تر راستوں پر کنٹیرزکھڑے کر دیے گئے ہیں۔
چھبیس نمبرچُنگی کنٹینر لگا کر مکمل سیل کر دی گئی ہے اور وہاں رینجرز کوتعینات کر دیا گیا ہے جبکہ سری نگر ہائی وے بھی زیرو پوائنٹ کےمقام پر بند کردی گئی ہے۔
ایکسپریس وے بھی کھنہ پل کےمقام پر دونوں طرف سے بند کر دی گئی ہے۔ کھنہ پل پر رکھےگئےایک کنٹینر میں آگ بھڑک اٹھی تاہم اس کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔ ائیر پورٹ جانے والے راستے پر بھی کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں جبکہ فیض آباد سے اسلام آباد کاراستہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
بیرسٹرگوہر نے احتجاج مؤخر کرنے کا امکان مسترد کردیا
جڑواں شہروں میں میٹروبس، انٹرنیٹ اورموبائل فون سروس بند
راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس بھی معطل ہےجبکہ پمز سے بارہ کہو تک گرین لائن سروس بھی بند کردی گئی ہے۔
اس کےعلاوہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں انٹرنیٹ اور موبائل فون کی سروس بھی متاثر ہے، اس حوالے سے وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ سکیورٹی خدشات والےعلاقوں میں موبائل ڈیٹا، وائی فائی سروس بندش کا تعین کیا جائےگا۔
پنجاب کے پی سرحد مکمل سیل، چیک پوسٹیں قائم
خیبر پختونخوا سےآنےوالے قافلوں کو روکنے کے لیے اٹک خورد کےمقام پر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سرحد مکمل بند کر دی گئی ہے،اٹک میں چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں، سکیورٹی اہلکاروں کوبھاری نفری کو تعینات کر کے شیلنگ کے لیے ہزاروں گولے،جیکٹس، ہیلمنٹ اور ڈنڈوں سےلیس کر دیا گیا ہے۔
جہلم کی اہم شاہراہوں پربھی کنٹینر کھڑے کر دیے گئے ہیں اور فیصل آباد کے داخلی راستےبھی بند ہیں۔ لاہور، پشاور اور فیصل آباد سے اسلام آباد کےلیےجانے والی موٹر ویز بھی بند کردی گئيں۔
تحریک انصاف کےاحتجاج کے پیش نظر مری کے مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرزلگا دیے گئے ہیں جس کے باعث ملکہ کوہسار مری کاخیبرپختونخوا اور کشمیر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے۔
انتظامیہ نےکشمیر اور کے پی کی رابطہ سڑکوں پر خندقیں کھود دی ہیں جبکہ مری میں گھوڑا گلی کے مقام پر بھی مٹی ڈال کرسڑک بند کر دی گئی ہے۔
احتجاج کیلئے پی ٹی آئی کی حکمت عملی تیار
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بھی آج کے احتجاج کے لیے حکمت عملی فائنل کر لی ہے، وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور آج سہ پہر 3 بجے صوابی پہنچیں گے، دیگر قافلوں کوبھی 3 بجے پہنچنے کی ہدایات کی گئی ہے۔
ذرائع کےمطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کارکنان، قائدین، ایم این ایزاور ایم پی ایز الگ الگ پہنچنےکی کوشش کریں گے۔
حکومت سے بات چیت نہیں کی جائےگی بلکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی پر احتجاج سےواپسی ہو گی، وائر لیس سمیت دیگرضروری اشیا ساتھ لےکرجانے کی ہدایات کی گئی ہے۔
مطالبات پورے ہونےتک احتجاج جاری رہے گا: وزیر اعلیٰ کے پی
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آج احتجاج ہوگا اور اسلام آباد جائیں گے، کےپی سےاحتجاج میں شامل تمام قافلوں کو وہ خود لیڈ کریں گے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور دیگر مطالبات پورے ہونےتک احتجاج جاری رہے گا۔
ادھر حکومت نےبھی پی ٹی آئی کے احتجاج کو روکنے کے لیےحکمت عملی مرتب کر لی ہے۔
صرف عمران خان احتجاج کی کال واپس لےسکتے ہیں: چیئرمین پی ٹی آئی
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ خان صاحب (عمران خان) ہمارے باس ہیں،ان کی کال فائنل کال ہے، کال صرف بانی پی ٹی آئی ہی واپس لےسکتے ہیں۔
گزشتہ روزاسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر وزیر داخلہ محسن نقوی نےچیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کرکے احتجاج روکنےکاکہا تھا۔ محسن نقوی نےخبردار کیا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینےوالا کوئی شخص اسلام آباد سے واپس نہیں جا پائے گا۔
یہ لاشوں کی سیاست کرنا چاہتےہیں، حکومت بھی مقابلے کیلئے تیار ہے: وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےاگر یہ لوگ مسلح جتھے اور لشکر لے کر آرہے ہيں توحکومت بھی اسی طرح ان کا مقابلہ کرے گی، یہ لوگ لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ منصوبہ بندی کےتحت بندےمروانا چاہتے ہیں، اس چیز کو حکومت کی کم زوری نہ سمجھا جائے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہےکہ موٹر وے ایم ون پشاور ٹول پلازہ ہر قسم ٹریفک کیلئےمکمل طور بند ہے،موٹروے کو دھند کے باعث بند کیا گیا ہے،دھند میں کمی کےبعد موٹروے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائےگا۔