شہبازشریف نےشاہ چارلس اورملکہ برطانیہ کودورہ پاکستان کی دعوت دیدی

وزیراعظم شہبازشریف نے شاہ چارلس سوم اور ملکہ برطانیہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دیدی۔
برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی 77ویں سالگرہ کی تقریب برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کیک کاٹا۔ اس موقع پر وفاقی کابینہ کے ارکان، پارلیمنٹرینز، سفارتکاروں اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد تقریب میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ چارلس سوم کی عوامی فلاح کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ مختلف شعبوں میں شراکت داری سے دوطرفہ تعاون کو نئی جہت ملے گی۔
وزیراعظم نے کہاکہ یہ تقریب پاکستان اور برطانیہ کے قریبی تعلقات کی عکاس ہے۔ شاہ چارلس سوم اور ملکہ برطانیہ کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر برطانیہ کی طرف سے اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس ناسور کو ختم کرکے دم لیں گے۔
شہباز شریف نے برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی پر ہائی کمشنر جین میریٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تعلیم، صحت، فنی تربیت اور دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنے خطاب میں پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے کاوشیں جاری رکھیں گے۔
