سانحہ سیالکوٹ : لوگوں کو قتل پر اُکسانے والے 7 افراد گرفتار
سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کے الزام میں پولیس نے مزید 7 افراد کو حراست میں لے لیا۔
زیر حراست افراد میں سکندر، راشد، احمد شہزاد، زوہیب، محمد ارشاد، سبحان اور عمیر علی شامل ہیں ، ساتوں ملزموں کو سی سی ٹی وی اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے حراست میں لیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملزم سکندر سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر تشدد کے لیے چھت پر لوگوں کو جمع کرتا رہا اور ملزم راشد تشدد کرنے والے ہجوم میں شامل تھا جبکہ ملزم احمد شہزاد ہجوم میں ڈنڈا اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس تحقیقات کے مطابق زوہیب تشدد کے لیے اُکسانے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا جبکہ محمد ارشاد ، سبحان اور عمیر علی بھی ہجوم کا حصہ تھے ، ملزموں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزموں کی مجموعی تعداد 132 ہو گئی ہے ، تحقیقات کے دوران 26 افراد کو مرکزی ملزم قرار دیا جا رہا ہے ، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کیس کی پراسیکیوشن کا ٹاسک سیکرٹری پراسکیوشن کو سونپا ہے۔
واضح رہے کہ 3 دسمبر کو سپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کر دیا ، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن جان بچانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں:فیکٹری انتظامیہ کی سری لنکن مینیجر کو بچانے کی کوشش کیسے ناکام ہوئی؟
فیکٹری ملازمین منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، تشدد کر کے جان سے ہی مار ڈالا جبکہ نعش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے اور آگ لگائی۔
