سندھ، پنجاب کشیدگی : محسن نقوی صدر کی ہدایت پر وزیراعظم سے ملاقات کریں گے

سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کے مابین جاری حالیہ کشیدگی کو ختم کرانے کےلیے صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی وزیر اعظم شہباز شریف سے کل ملاقات کریں گے۔
ذرائع کےمطابق بلاول ہاؤس کراچی میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے پارٹی رہنماؤں اور وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور خصوصاً سندھ اور پنجاب حکومت کے مابین پائی جانے والی سیاسی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں پنجاب حکومت کے بیانات اور حکومتی ترجمان کے الزامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔صدر مملکت نے محسن نقوی کو اس صورت حال میں کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی وزیر محسن نقوی وزیر اعظم شہباز شریف سے کل ملاقات کریں گے،جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیانات اور پنجاب حکومت کے موقف پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان جاری ’مکالمے کی جنگ‘ کو ختم کرنے کےلیے مذاکراتی ماحول پیدا کیا جارہا ہے جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے رواں ہفتے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی اہم ملاقات بھی متوقع ہے۔
مسلم لیگ ن کی قیادت بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتی : خواجہ آصف
یاد رہے کہ دونوں جانب سے سخت بیانات کےبعد پنجاب حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان کچھ دنوں سے تناؤ کی صورت حال ہےجس کے باعث گزشتہ روز پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ کے اجلاسوں کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔
