پاکستان تحریک انصاف کا مینار پاکستان میں بھرپور پاور شو

پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں لاہور کے مینار پاکستان میں بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا، اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ پارٹی پرچموں کی بھی بہار رہی۔
عمران خان نے جلسہ گاہ میں بلٹ پروف کنٹینر سے خطاب کرتے ہوئے کارکنوں کو پر امید رہنے کی اپیل کی وہ اس مشکل وقت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اس سے نکلنے میں کامیاب رہیں گے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد دھماکا خیز مواد کے ساتھ لاہور پہنچ چکے ہیں جو سیاسی جلسے یاجلوس کی سکیورٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
مینار پاکستان پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خطاب کیلئے بلٹ پروف کنٹینر کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں نگران وزیراطلاعات پنجاب عامرمیر نے کہا کہ رکاوٹیں کھڑی کرکے لوگوں کو جلسے میں جانے سے نہیں روکا گیا بلکہ قانون نافذکرنے والےاداروں کی جانب سے شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے چیکنگ کی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کےکارکنوں کوجلسےمیں شمولیت سےنہیں روکا جا رہا، حکومت نے پی ٹی آئی کو جلسہ کرنےکی اجازت دی رکھی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مینار پاکستان جلسے کے موقع پر جلسہ گاہ جانے والے راستے بند رہے، مینارپاکستان گراؤنڈ جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کنٹینر لگائے گئے ہیں۔ راوی پل اور ریلوےاسٹیشن سےمینارپاکستان جانے والے راستے بند ہیں جب کہ شاہ عالم مارکیٹ میں بھی کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کےراستے بند ہیں، شاہدرہ، راوی ٹول پلازہ، بتی چوک سے مینارپاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگاکربند کیا گیا ہے جب کہ نیازی چوک، دہلی دروازہ اور دوموریہ پل کو بھی بند کر دیا گیا تھا۔
