ہائیکورٹ کافیصلہ آگیا،اسلام آباد پردھاوا بولنےکاکوئی جوازنہیں،محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہناہے کہ لانگ مارچ کیخلاف  ہائیکورٹ کا فیصلہ آچکا، اب اسلام آباد پر کسی بھی طرح کا دھاوا بولنے کا کوئی جواز نہیں۔

اسلام آباد میں دیگر حکام کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کسی بھی گروہ یا جماعت کو وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔حکومت کا بنیادی فرض بنتا ہے کہ وہ نظامِ زندگی کو مفلوج کرنے والے ایسے کسی بھی احتجاج کو روکے اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔

محسن نقوی  نے متنبہ کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اس معاملے پر اپنا واضح فیصلہ دے چکی ہے۔ فیصلے کے بعد اب حکومت پوری طرح متحرک ہے اور اگر کسی نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی تو ہم براہِ راست توہینِ عدالت کی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔

ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے سیاسی قیادت کے رویے پر کڑی تنقید کی۔’یہ رویہ کسی کو زیب نہیں دیتا کہ ایک طرف پوری قوم شہدا کے جنازے اٹھا رہی ہو اور دوسری طرف دھرنوں اور احتجاج کی تیاریاں کی جا رہی ہوں‘۔

محسن نقوی نے خاص طور پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ وفاق پر چڑھائی اور لانگ مارچ کی منصوبہ بندی کے بجائے اپنے صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے پر توجہ مرکوز کریں۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے زور دیا کہ اس وقت پوری قوم کو مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ان ہنگاموں میں ملکی املاک کا بہت زیادہ نقصان ہوتا رہا ہے۔

انہوں نے انتہائی سخت لہجے میں خبردار کیا کہ اگر اس بار احتجاج کی آڑ میں قانون ہاتھ میں لیا گیا یا ہمارے سیکیورٹی جوانوں پر گولی چلائی گئی، تو ’وہ چپ کر کے نہیں بیٹھیں گے۔

 

Back to top button