ٹک ٹاک نے پشاور ہائی کورٹ کو قوانین کی پاسداری کی یقین دہانی کرادی

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے پابندی کےلیے دائر درخواست پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا۔ خط میں ٹک ٹاک نے پشاور ہائی کورٹ کو قوانین کی پاسداری کی یقین دہانی کرادی۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم کو ٹک ٹاک کے ہیڈ  آف پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز کا خط موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک پر مبینہ طور پر توہین آمیز مواد اپ لوڈ ہونے کی خبریں ہم تک پہنچیں جس پر ٹک ٹاک نے  پی ٹی اے کو ایسا مواد ہٹانے کےلیےخصوصی پورٹل دیا مگر پی ٹی اے نے توہین آمیز مواد رپورٹ نہیں کیا۔ ٹک ٹاک حکام کے خط میں کہا گیا ہےکہ خبریں آنے کے بعد ٹک ٹاک نےخود پی ٹی اے کو توہین آمیز مواد رپورٹ کرنے کی درخواست کی اور پورٹل پر رپورٹ شدہ توہین آمیز مواد کو ٹک ٹاک نے بلاک کیا ہے۔

ٹک ٹاک نے پشاور ہائی کورٹ کو قوانین کی پاسداری کی یقین دہانی کرادی

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں توہین آمیز مواد سے متعلق ٹک ٹاک کی پالیسی سخت ہے اور ٹک ٹاک توہین آمیز مواد سے متعلق مقامی قوانین کی پاسداری کرتا ہے جب کہ ٹک ٹاک نے عدالتی کارروائی میں حصہ لینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

پشاور ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک بند کرنے کےلیے دائر درخواست پر اگلی سماعت 24 جولائی کو ہوگی۔

Back to top button