اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرری: اسپیکر نے جوڈیشل کمیشن میں پارلیمانی جماعتوں کی نامزدگی کردی

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرری کےلیے پارلیمانی جماعتوں کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کر دی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کےمطابق اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرری کےلیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کےمعاملے پر اسپیکر نے سپریم جوڈیشل کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں پارلیمانی جماعتوں کی نامزدگی سے آگاہ کیاگیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کےمطابق جوڈیشل کمیشن کےلیے قومی اسمبلی سے قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب کو نامزد کیاگیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سینیٹ سے جوڈیشل کمیشن کےلیے فاروق ایچ نائیک اور شبلی فراز کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ خاتون کی نشست پر روشن خورشید بروچہ کو نامزد کیاگیا ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی کےمطابق 26 ویں ترمیم کی منظوری کےبعد جوڈیشل کمیشن میں 5 اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں اور تمام نامزدگیاں سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کو بھجوا دی گئی ہیں جب کہ تمام نامزدگیاں سپریم کورٹ کو موصول ہوگئی ہیں۔
پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی : عرفان صدیقی
ترجمان نے بتایاکہ پارلیمنٹ سے بھجوائے گئےناموں میں حکومت اور اپوزیشن کی برابر کی نمائندگی ہے۔
واضح رہےکہ 26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کےبعد پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین ججز میں جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس پاکستان مقرر کیاتھا۔