ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: افغانستان نے یو اے ای کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 28 ویں میچ میں افغانستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دہلی کے ارن جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یو اے ای کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی۔

یو اے ای کی جانب سے شعیب خان 48 گیندوں پر 6 چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ علیشان شرفو نے 40 رنز جوڑے۔ یو اے ای کے 5 کھلاڑی ڈبل فیگر تک نہیں پہنچ سکے، جن میں سے تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے اور باقی دو نے 3، 3 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں، مجیب الرحمٰن نے 2 اور کپتان راشد خان نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم نے میچ آخری اوور میں جیتا۔ اوپننگ بیٹر رحمان اللہ گرباز صفر پر آؤٹ ہوئے، تاہم ابراہیم زدران نے 53 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ عظمت اللہ عمر زئی نے 21 گیندوں میں 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 40 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

Back to top button