27ویں آئینی ترمیم کل قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی

سینیٹ سے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعداب فیصلہ کرلیا گیا ہے کہ کل آئینی ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں بھی پیش کر دیا جائےگا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے کل کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا ہے، جس کے مطابق آئینی ترمیم کل ایوان میں پیش کی جائےگی۔

واضح رہے کہ حکومت کے پاس قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت موجود ہے، جس کے لیے اسے ترمیم کی منظوری کے لیے کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑےگا۔

سینیٹ میں حکومت کے کچھ ووٹ کم تھے تاہم اس کے باوجود حکومت ترمیم منظور کرانے میں کامیاب رہی۔ پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے ایک ایک سینیٹر نے بھی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ 27ویں کے بعد 28ویں آئینی ترمیم بھی آ رہی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 28ویں آئینی ترمیم تعلیم، آبادی اور بلدیاتی اداروں کے حوالے سے ہوگی۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ 27ویں ترمیم کو آئینی عدالت میں چیلنج تو کیا جا سکتا ہے لیکن مشکل یہ ہے کہ آئینی عدالت اسی ترمیم کی وجہ سے بنی ہے۔

Back to top button