امریکا ایران مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا مقام تبدیل کردیاگیا

ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے مقام میں تبدیلی کردی گئی ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں موجود پاکستانی حکام دستخطی تقریب کے انتظامات اور دیگر معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ تقریب کے انعقاد کو حتمی شکل دی جا سکے، چونکہ پاکستان اس کی میزبانی کرےگا۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد بھی اس تقریب میں شرکت کرے گا۔

وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ 18 جون کو سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے، جہاں وہ اس اہم سفارتی پیش رفت کا حصہ بنیں گے۔

دوسری جانب سوئس وزیر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط 19 جون کو برگن سٹاک میں ہوں گے۔

سوئس وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت سے متعلق مذاکرات اور دستخط کی تقریب اب سوئٹزرلینڈ کے مرکزی علاقے برگن سٹاک میں 19 جون کو منعقد ہوگی۔

وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ تقریب کے مقام کے انتخاب پر دونوں فریقین، یعنی ایران اور امریکا نے اتفاق کیا، جبکہ اس عمل میں پاکستانی اور قطری ثالثوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

اس پیش رفت کو خطے میں سفارتی کوششوں اور کشیدگی میں کمی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان کی ثالثی اور سہولت کاری کے کردار کو بھی نمایاں اہمیت حاصل ہے۔

Back to top button