کیا حمائمہ ملک اور دعا ملک بھی شوبز چھوڑ رہی ہیں؟

اداکار فیروز خان کے شوبز چھوڑنے کے اعلان کے بعد اب اطلاعات ہیں کہ ان کی دونوں بہنیں حمائمہ ملک اور دعا ملک بھی تبلیغی جماعت کے مولانا طارق جمیل کے زیراثر آتے ہوئے شوبز انڈسٹری چھوڑنے جا رہی ہیں۔فیروز نے شوبز انڈسٹری چھوڑ دی۔ اب جلد میری ٹوئٹ آنے والی ہے۔ یہ کہنا ہے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر کے دین کی طرف مائل ہونے والے معروف اداکار فیروز خان کی بہن دعا ملک کا جو خود بھی شوبز سے وابستہ ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ کچھ عرصہ سے فیروز خان مولانا طارق جمیل سے فیضیاب ہونا شروع ہوگے تھے جس کے بعد ان کا ذہن پلٹ گیا اور انہوں نے شوبز کی دنیا چھوڑ کر تبلیغ دین کی طرف طرف راغب ہونے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ مولانا طارق جمیل نے ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم پر اپنا اثر ڈالا تھا جس کے بعد انضمام الحق سمیت ٹیم کے کم ازکم کم آٹھ کھلاڑی تبلیغی ہوگئے تھے۔ اب مولانا کا شوبز میں حلقہ اثر بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ مولانا کی ایک اور مریدنی اداکارہ دعا ملک نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ اپنی آنے والی زندگی کو اسلام کی راہ میں وقف کرنا چاہتی ہیں اور انہیں امید ہے کہ انکے بھائی فیروز خان اور ان کے اعلان کے بعد بہت جلد ان کی بہن اداکارہ حمائمہ ملک بھی ایسا ہی اعلان کریں گی۔ دعا نے مزید کہا کہ ان سب بہن بھائیوں کی زندگی کو بدلنے میں مولانا طارق جمیل نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد فیروز خان کی طرح ایک ٹویٹ میری طرف سے بھی آنے والی ہے جس کے بعد اگلی باری حمائمہ ملک کی ہو گی ۔ دعا ملک نے مزید کہا کہ فیروز خان کے شوبز چھوڑنے کے فیصلے میں سب سے زیادہ اثر و رسوخ اللہ کی ذات کا ہے۔
دعا ملک نے کہا کہ اب ہمارا روحانیت سے ایک گہرا تعلق ہو چکا ہے۔ ہم تمام بہن بھائی سیلف میڈ ہیں،ہم منہ میں سونے کا چمچ لے کر پیدا نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی شوبز چھوڑ کر چڑیا کی طرح زندگ گزار لیں گے جو رات کو منہ میں آگلے دن کا دانہ لے کر نہیں سوتی۔ اللہ اسے بھی رزق دیتا ہے تو ہمیں بھی نوازے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اداکار فیروز خان شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ فیروزخان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی آنے والی زندگی دینی خدمات کے لئے وقف کرنا چاہتے ہیں۔ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں انھوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ میڈیا پر صرف دین اسلام کی تبلیغ سے متعلق ہی کام کروں گا۔ جس پر معروف اداکارہ حمائمہ ملک نے کہا تھا کہ وہ بھائی اداکار فیروزخان کے فیصلے کی قدر کرتی ہیں ۔ وہ فیروزخان کے شوبز چھوڑ دینے پر بہت خوش ہیں اور یہ ان کی فیملی کی خوش قسمتی ہے کہ ان کے گھر کے ایک فرد نے صراط مستقیم کو چنا۔ انھیں اپنے بھائی پر فخر ہے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اداکاری چھوڑ کر دین کی تبلیغ شروع کرنے کا رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے۔ حالیہ مہینوں میں پہلے حمزہ علی عباسی نے اپنی شادی کے فوری بعد شوبز انڈسٹری سے علیحدگی کا فیصلہ کیا اور ان کے بعد رابی پیر زادہ نے بھی گلوکاری اور ماڈلنگ چھوڑ کر حاجن نمازن بننے کا اعلان کردیا۔ ان دونوں کی دیکھا دیکھی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے بھی شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا ہے۔ وہ اب ڈراموں میں کام کرنے کے بجائے دین کی تبلیغ کا ارادہ رکھتے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ حمزہ علی عباسی، رابی پیرزادہ اور فیروز خان کے تبلیغی ہوجانے میں تبلیغی جماعت کے مولانا طارق جمیل کا بنیادی کردار ہے کیونکہ یہ تینوں افراد ان سے متاثر ہیں اور وہ اپنی تبلیغ کے ذریعہ ہی پوری پاکستانی ٹیم کو تبلیغی بنا چکے ہیں۔