خودمختار فلسطینی ریاست کےقیام کی حمایت کرتےہیں،سعودی ولی عہد

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نےکہا کہ سعودی عرب فلسطینی علاقوں سمیت لبنان اورایران پراسرائیلی حملوں کی پر زور مذمت کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ خودمختارفلسطینی ریاست کےقیام کی حمایت کرتے ہیں۔
سعودی ولی عہد کا افتتاحی خطاب
غزہ و دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں اورلبنان کی صورتحال پر بلائے گئے مشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس سےخطاب میں سعودی ولی عہد نے کہا کہ بین الاقوامی برادری ایران کی سالمیت اورخود مختاری کےاحترام کےلیے اسرائیل کو پابند کرے۔
محمد بن سلمان نےکہا کہ لبنان پرجاری اسرائیلی حملےنے لبنان کی خودمختاری اور سالمیت کوخطرےمیں ڈال دیا ہے۔
سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی مسجد اقصٰی کےتقدس کی پامالی اور بےحرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبورکرے۔
سربراہی اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف کی شرکت
سعودی عرب میں ہونےوالےمشترکہ عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہبازشریف سمیت دیگرسربراہان مملکت وحکومت،عرب لیگ اوراو آئی سی کے اعلیٰ حکام اجلاس میں شریک ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اجلاس میں50 سےزائد سربراہان مملکت اورخصوصی نمائندےشرکت کررہےہیں۔
فلسطینی صدرمحمود عباس کاخطاب
عرب میڈیا کےمطابق فلسطینی صدرمحمود عباس نےعرب اسلامی سربراہی اجلاس سےخطاب میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سےفلسطین میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارےپرپابندی کے ہولناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
محمود عباس نےکہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیل کی رکنیت معطل کرےاور بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کےخلاف یہودی آبادکاروں کی جاری دہشت گردی روکنے میں مدد کرے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عرب اسلامی ممالک کے مشترکہ سربراہ اجلاس میں غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق فلسطین پر قابض اسرائیل کی غزہ اور لبنان پر مسلط کردہ جنگ کے تناظر میں پیر کو ریاض میں منعقدہ عرب اسلامی ممالک کے مشترکہ سربراہ اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہاکہ عالمی برادری فلسطین اور لبنان میں ہمارے مسلمان بھائیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت فوری رکوائے، انہوں نے غزہ میں اسرئیلی جرائم کو نسل کشی قرار دیتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے۔
