چین کا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کااعلان

چین نے ایک بار پھرانسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سےیہ اہم بیان پاکستان کےتجارتی مرکز کراچی میں گزشتہ ہفتےفائرنگ کےواقعےمیں2چینی شہریوں کےزخمی ہونے کے باوجودسامنےآیا ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ جیان نےدارالحکومت بیجنگ میں باقاعدہ نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ چین اورپاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو خراب کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانےکاعزم بھی رکھتے ہیں اورصلاحیت بھی۔چین انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کےساتھ تعاون جاری رکھےگا۔
ترجمان کامزید کہنا تھا کہ پاکستان اورچین دونوں اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث دہشت گردوں سےان کی کارروائیوں کی قیمت وصول کرنےکا بھی عزم اور صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتےکراچی پولیس نےسائٹ انڈسٹریل ایریا میں گارمنٹ فیکٹری کے اندر2چینی شہریوں کی جان لینےکی کوشش پر مفرور نجی سیکیورٹی گارڈ کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کےتحت مقدمہ درج کرلیا تھا۔
ایف آئی آرکے متن کے مطابق شکایت کنندہ نجیب الرب نےبتایا کہ وہ لبرٹی ٹیکسٹائل ملز میں سیکیورٹی انچارج ہے، مزید بتایا کہ وہ 4 چینی شہریوں، پولیس اور نجی گارڈزکے ہمراہ سائٹ ایریا میں واقع ملز پر صبح تقریباً 8 بج کر 2 منٹ پر پہنچا۔
ایف آئی آرکےمطابق اس کامزید کہنا تھا کہ غیرملکی شہری فیکٹری میں پہلی منزل پر نئی مشینیں نصب کرنےچلےگئے۔وہ اپنےکام میں مصروف تھےکہ صبح تقریباً8 بج کر15 منٹ پر ایگزیکٹیو سیکیورٹی کمپنی کا گارڈشریف اللہ پہلی منزل پر پہنچا، جو تقریباً4 سے 5 ماہ سے کمپنی میں کام کررہاتھا۔
ملزم نےاپنی9 ایم ایم پستول سےنامعلوم وجوہات پرقتل کرنےکےارادےسے چینی شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں2چینی شہری زخمی ہوگئے۔جنہیں فوری طورپرلیاقت نیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مشتبہ گارڈ اپنی پستول کےہمراہ بھاگنےمیں کامیاب رہا۔
پولیس نےموقع پر پہنچ کر9 ایم ایم پستول سےفائر کردہ گولیوں کےخالی خول برآمد کیے۔
