ٹرمپ نے ایران پرحملےکی منظوری کی خبر کی تردید کردی

امریکی اخبارکواندازہ نہیں میں ایران کے بارے میں کیا سوچ رہا ہوں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پرحملےکے منصوبےکی منظوری کی خبرکی تردید کردی۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی اخبار کو آئیڈیا نہیں کہ میں ایران کے بارے میں کیا سوچ رہا ہوں۔
خیال رہے کہ امریکی اوربرطانوی اخبارات نے خبردی تھی کہ ٹرمپ نے ایران پر حملےکی منظوری دے دی ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل نےرپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ٹرمپ نے منگل کی رات سینئر مشیروں کو بتایا کہ انہوں نے ایران پر حملے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے لیکن فی الحال حتمی حکم نہیں دیا تاکہ دیکھا جاسکے کہ آیا ایران اپنا جوہری پروگرام ترک کرتا ہے یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی اہم جوہری تنصیب فردو امریکی حملے کا ممکنہ ہدف ہے، جو ایک پہاڑ کے اندر واقع ہے اور عسکری ماہرین کے مطابق صرف انتہائی طاقتور بم سے ہی نشانہ بنائی جا سکتی ہے۔
صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کا فیصلہ کر چکے ہیں؟، تو انہوں نےجواب دیا کہ امریکا ایران کی جوہری تنصیبات پرحملہ کرےگا یا نہیں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، ہم دیکھیں گےکہ کیا ہو رہا ہے، ابھی کچھ ختم نہیں ہوا، ہم ایران پر حملہ کر بھی سکتے ہیں یا نہیں بھی کر سکتے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کو 60 دن دیے تھے، ایران کو کئی بار جوہری معاہدے کا کہا گیا، پہلے دورمیں بھی کہا تھا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔