بزرگوں میں اسپرین کی کم مقدار انیمیا کا خطرہ بڑھا سکتی ہے

ایک اہم طبی سروے سے معلوم ہوا ہے کہ عمر رسیدہ افراد میں اسپرین کی کم مقدار کھانے کی روش سے ان کے جسم میں خون کی کمی کا خطرہ 20 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
اس ضمن میں آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی، کےماہرین نے ایسپری (اسپرین اِن رڈیوسنگ ایونٹس ان دی ایلڈرلی) نامی ایک سروے کیا ہے۔ جس سے معلوم ہوا ہے کہ عمررسیدہ افراد میں اسپرین کی کم مقدار بھی مضر ہوسکتی ہے۔ اس سے خون میں فولاد کی 20 فیصد تک کمی ہوسکتی ہے۔ یہ تحقیق اینلز آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ہوئی ہے۔
امریکہ اور یورپ میں ادھیڑ عمر افراد امراضِ قلب سے بچنے کے لیے باقاعدگی سے اسپرین کھاتے ہیں۔ اسپرین سے خون کے بہاؤ، بالخصوص آنتوں میں جریانِ خون کا خطرہ بڑھ سکتا ہے ۔ تاہم اب ایک سروے سے معلوم ہوا ہے کہ اس سے انیمیا (خون میں کمی) کی کیفیت بھی پیدا ہوسکتی ہے۔
سروے کے اختتام پر انکشاف ہوا کہ اسپرین کھانے والے بزرگوں میں انیمیا کا خطرہ 23 فیصد تک بڑھا ہوا تھا جسے کسی بھی طور پرنظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اب ماہرین اس کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔