22ماہ میں کس حکومتی عہدیدار کو کونسا تحفہ ملا؟توشہ خانہ کا ریکارڈ جاری

مارچ 2023 سے31 دسمبر2024 تک22ماہ میں کس حکومتی عہدار،سیاستدان کو کون سا تحفہ ملا ؟کابینہ ڈویژن نے ریکارڈ جاری کردیا۔

کابینہ ڈویژن نےمارچ 2023 سے31 دسمبر2024 کا توشہ خانہ ریکارڈ جاری کردیا، اسی مدت کےدوران وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سابق وزیراعظم نوازشریف،سابق صدر عارف علوی، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت دیگر شخصیات کو تحائف ملے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کےمطابق مارچ 2023 سے 31 دسمبر 2024 تک درجنوں شخصیات نے تحائف وصول کیےجن کےنام درج ذیل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ، وزیر دفاع خواجہ آصف، سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر عارف علوی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو تحائف ملے۔

تحائف لینے والوں میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزرا مصدق ملک، راناثنااللہ،عطا تارڑ، شازین بگٹی، جام کمال بھی شامل ہیں۔

کابینہ ڈویژن کے نوٹی فکیشن کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو، سینیٹر طلحہ محمود، طارق فاطمی، یوسف رضا گیلانی اورچیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے بھی تحائف وصول کیے۔

وائس ایڈمرل عبدالصمد، صدر زرداری کے ملٹری سیکریٹری بریگیڈر شہریار منیر حفیظ، وزیراعظم کےملٹری سیکریٹری میجر جنرل تجدیدممتاز، وزیراعظم کے چیف سیکیورٹی آفسرمحمد عمران، بطور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی تحائف لینےوالوں میں شامل ہیں۔

سابق نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر، سابق نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی،سابق نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹرعمر سیف، سابق نگراں وزیر تجات گوہر اعجاز،سابق نگراں وزیرتوانائی محمد علی کا نام تحفہ وصول کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔

حکومتی شخصیات،سیاست دان، بیوروکریٹس سمیت دیگرحکومتی شخصیات کو کتابیں، ڈیکوریشن پیسز،سونئیرز،گھڑیاں،ٹی پاٹ،کارپٹ، شال اورخنجر تحفے میں ملیں، وصول کیےجانےوالےتحائف میں جائےنماز، قلم،کپ،عطر اور رومال بھی شامل ہیں۔

گزشتہ پونے 2 سال میں بیشتر وصول کنندگان نے توشہ خانہ میں تحائف جمع کروائے، کابینہ ڈویژن وصول شدہ مختلف تحائف کا تخمینہ کروارہاہے، جس کا پراسیس بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ شہبازحکومت نے مارچ2023 میں تحائف کےحوالےسےنیاطریقہ کار وضع کیا تھا، وصول کنندہ کو300 امریکی ڈالرتک کےمالیت کا تحفہ رکھنے کی اجازت دی گئی،300 ڈالرز سے زائد مالیت کا تحفہ توشہ خانہ کی ملکیت میں جائے گا۔

پہلےمارچ 2023 میں 2002 سے لیکر مارچ 2023 تک کا توشہ خانہ رکارڈ جاری کیا گیا تھا۔

Back to top button